بلوچستان کے علاقے سبی میں سڑک کنارے آئی ای ڈی بم دھماکے میں ایف سی کے چار اہلکار شہید اور 8 زخمی ہو گئے۔
دھماکا سبی کے علاقے سانگان میں ہوا جس میں ایف سی کے چار اہلکار شہید ہو گئے جبکہ آٹھ اہلکار زخمی گئے۔
سبی کی اسسٹنٹ کمشنر ثنا ماہ جبین نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں زخمی 8 اہلکاروں میں سے چھ کی حالت نازک ہے اور سی ایم ایچ سبی میں ان کا علاج جاری ہے۔
دھماکے کے بعد سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہے۔
ابتدائی تحقیقات سے پتہ چلا ہے کہ یہ ایک آئی ڈی دھماکا ہے۔
ایف سی اہلکار ایک چیک پوسٹ سے دوسری کی جانب جا رہے تھے کہ دھماکا ہو گیا۔
ترجمان حکومت بلوچستان فرح عظیم شاہ کی سبی کے علاقے سانگان میں سیکیورٹی فورسز کے قافلے پر حملے کی مذمت کی ہے۔
انہوں نے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دھماکے میں شہید ہونے والے اہلکاروں کی قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی۔
ان کا کہنا تھا کہ اپنی سرزمین کی سلامتی کے لیے جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہدا کے مشن کو عملی جامہ پہنانا حکومت کی اولین ترجیح ہے اور ملک دشمن قوتیں بلوچستان میں قیام امن کو سبوتاژ کرنا چاہتی ہیں۔
ترجمان بلوچستان حکومت نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز نے بلوچستان میں قیام امن کے لیے مثالی کردار ادا کیا ہے اور دشمن کے مذموم عزائم ناکام ہوں گے، ملک دشمن عناصر دہشت گردی پھیلا کر ملک دشمن عناصر اپنے مقصد میں کبھی کامیاب نہیں ہوسکتے۔
صوبائی مشیر داخلہ میر ضیااللہ لانگو نے سبی کی تحصیل سانگان میں سیکورٹی فورسز کے قافلے پر پر دھماکے کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے دھماکے میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر دکھ کا اظہار کیا۔
انہوں نے دھماکے زخمی ہونے والوں کو بہترین طبی سہولیات فراہم کرنے کی بھی ہدایت کی۔