باپ کے اراکین اسمبلی نے اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کی درخواست جمع کرادی

اسلام آباد: بلوچستان عوامی پارٹی (باپ) کے اراکین نے اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کی درخواست جمع کرادی ہے۔

انفو نیوز کے مطابق باپ سے تعلق رکھنے والے چار اراکین قومی اسمبلی نے اپوزیشن نشستوں پر بیٹھنے کی درخواست اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو جمع کرائی ہے۔

اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو درخواست باپ پارٹی سے تعلق رکھنے والے اراکین قومی اسمبلی خالد مگسی، اسرار ترین، احسان اللہ ریکی اور روبینہ عرفان کی جانب سے جمع کرائی گئی ہے۔

باپ پارٹی سے تعلق رکھنے والے چاروں اراکین قومی اسمبلی نے جمع کرائی جانے والی درخواست میں مؤقف اختیار کیا ہے کہ ہم نے بطور سیاسی جماعت پی ٹی آئی حکومت کی حمایت ختم کردی ہے۔

انفو نیوز کے مطابق جمع کرائی جانے والی درخواست میں کہا گیا ہے کہ ہم حکومتی بنچز پر مزید بیٹھنا نہیں چاہتے ، ہمیں اپوزیشن بنچز پر نشستیں الاٹ کی جائیں۔

پی ٹی آئی حکومت کی اتحادی جماعت ایم کیو ایم پاکستان نے بھی متحدہ اپوزیشن کی حمایت کا باضابطہ طور پر اعلان کردیا ہے۔

اعلان کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے متحدہ اپوزیشن کی قیادت کے ہمراہ مشترکہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا ہے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی بلوچستان سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے متحدہ اپوزیشن کی حمایت کا اعلان کیا تھا جب کہ اس سے قبل شاہ زین بگٹی بھی پی ٹی آئی حکومت کی حمایت سے دستبرداری کا اعلان کرچکے ہیں۔

پاکستان تحریک انصاف سے تعلق رکھنے والے علیم خان گروپ نے بھی حکومت کی حمایت سے انکار کردیا ہے اور متحدہ اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں