اندرونی عناصر اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ بے نقاب ہو چکا ہے: آرمی چیف

چیف آف آرمی سٹاف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستانی فوج اور عوام کے اٹوٹ رشتے کو کمزور کرنے کی کوششیں کرنے والے کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔

پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری ہونے والے بیان کے مطابق چیف آف آرمی سٹاف نے پیر کو کوئٹہ گیریثرن کا دورہ کیا جہاں انہوں نے کمانڈ اینڈ سٹاف کالج کوئٹہ کے افسران سے خطاب کیا۔

افسران سے خطاب میں جنرل سید عاصم منیر نے روایتی، غیرروایتی اور پانچویں جنریشن وارفیئر کے لیے آپریشنل تیاریوں پر زور دیا۔

انہوں نے کہا کہ ’جو لوگ پاکستانی فوج اور عوام کے اٹوٹ رشتے کو کمزور کرنے کی کوششیں کر رہے ہیں وہ کبھی کامیاب نہیں ہوں گے۔‘

’پاکستان کی مسلح افواج ہمیشہ پاکستان کے بہادر اور قابل فخر لوگوں کی مقروض رہے گی جنہوں نے ملک کے طول و عرض میں اپنی مسلح افواج سے اپنی منفرد محبت کے حالیہ مظہر کے ذریعے دشمن اور اس کے سہولت کاروں کے مذموم عزائم کا منہ توڑ جواب دیا ہے۔‘

انہوں نے کہا کہ ’عدم استحکام پیدا کرنے کے لیے اندرونی عناصر اور بیرونی قوتوں کے درمیان گٹھ جوڑ پاکستانی عوام کے سامنے بے نقاب ہو چکا ہے۔ پاکستانی فوج خدا کے فضل اور اہل پاکستان کی حمایت کی وجہ سے دنیا کی مضبوط ترین افواج میں سے ایک ہے، جسے نہ تو کوئی روک سکتا ہے اور نہ ہی مجبور کر سکتا ہے۔‘

اپنا تبصرہ بھیجیں