چین نے خبردار کیا ہے کہ اگر امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی نے تائیوان کا دورہ کیا تو یہ خوفناک سیاسی اثرات کا سبب بنے گا۔
امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نینسی پلوسی 4 ایشیائی ممالک کے دورے پر ہیں اور اس سلسلے میں وہ آج سنگاپور پہنچی ہیں، ان کے دورے میں تائیوان کا نام شامل نہیں ہے تاہم امریکی میڈیا کا کہنا ہے کہ نینسی پلوسی تائیوان کا دورہ بھی کریں گی۔
نینسی پلوسی کے دورہ تائیوان کی خبروں پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان چینی وزارت خارجہ نے کہا کہ امریکی ایوان نمائندگان کی اسپیکر نے تائیوان کا دورہ کیا تو چینی فوج ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر نہیں بیٹھے گی۔
ترجمان چینی وزارت خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ امریکی اسپیکر نینسی پلوسی کا دورہ تائیوان خوفناک سیاسی اثرات کا سبب بنےگا۔
تائیوان کے معاملے پر اس سے پہلے بھی چین اور امریکا ایکدوسرے کے آمنے سامنے آ چکے ہیں، امریکی صدر جوبائیڈن کہہ چکے ہیں کہ اگر چین نے تائیوان پر حملہ کیا تو ہم ہر صورت میں تائیوان کا دفاع کریں گے جبکہ چینی صدر شی جن پنگ کا کہنا ہے تائیوان کی علیحدگی کو روکنے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔