لیونل میسی نے ایک اور عالمی ریکارڈ قائم کردیا

قطر میں فٹبال ورلڈکپ فائنل جیت کر ارجنٹینا کے اسٹار فٹبالر لیونل میسی کا برسوں پرانا خواب پورا ہوگیا۔

مگر ارجنٹینا کے عالمی چیمپئن بننے کے بعد لیونل میسی نے ایک اور دلچسپ ریکارڈ بھی اپنے نام کرلیا ہے۔

ورلڈکپ جیتنے کے بعد لیونل میسی کی جانب سے جشن منانے کی تصاویر انسٹاگرام پر پوسٹ کی گئی تھیں جو اس فوٹو شیئرنگ ایپ کی سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی پوسٹ بن چکی ہے۔

اس سے قبل ورلڈ ریکارڈ ایگ کے پاس یہ ریکارڈ تھا جس کی پوسٹ کو 5 کروڑ 60 لاکھ 85 ہزار سے زیادہ افراد نے لائیک کیا تھا۔

مگر لیونل میسی کی پوسٹ کو 5 کروڑ 65 لاکھ 89 ہزار سے زیادہ بار لائیک کیا جاچکا ہے۔

اس پوسٹ میں لیونل میسی نے چیمپئنز آف ورلڈ کے الفاظ کے ساتھ اپنے جذبات کا اظہار کیا تھا۔

لیونل میسی کی یہ پوسٹ انسٹاگرام پرکسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی پوسٹ بھی بن چکی ہے۔

اس سے قبل یہ ریکارڈ دنیا میں سب سے زیادہ انسٹاگرام فالورز رکھنے والے کرسٹیانو رونالڈو کے پاس تھا، جن کی 19 نومبر کی انسٹاگرام پوسٹ جس میں رونالڈو اور میسی کو ایک ساتھ دیکھا گیا تھا کسی بھی کھلاڑی کی سب سے زیادہ لائیک کی جانے والی پوسٹ تھی۔

رونالڈو کی انسٹاگرام پوسٹ کو 4 کروڑ 20 لاکھ سے زیادہ لائیک ملے تھے۔

اس سے قبل گنیز ورلڈ ریکارڈز نے 4 عالمی ریکارڈز تو باضابطہ طور پر لیونل میسی کے نام کردیے تھے۔

ان میں سے ایک ریکارڈ فیفا ورلڈ کپ میں سب سے زیادہ 11 بار مین آف دی میچ ایوارڈ حاصل کرنے کا ہے۔

دوسرا ریکارڈ 5 مختلف ورلڈ کپ ٹورنامنٹس کے دوران گولز میں معاونت کرنے والے پہلے فٹبالر بننے کا ہے۔

تیسرا ریکارڈ بطور کپتان سب سے زیادہ 19 میچز میں شرکت جبکہ چوتھا بطور کھلاڑی سب سے زیادہ 26 ورلڈکپ میچز کھیلنے کا ریکارڈ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں