اسلام آباد ہائی کورٹ نے وفاقی حکومت کو سابق صدر ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف اور ان کے بعد آنے والے تمام چیف ایگزیکٹوز بشمول عمران خان اور موجودہ وزیر اعظم شہباز شریف کو جبری گمشدگیوں سے متعلق پالیسی کی غیر اعلانیہ طور پر منظوری دینے پر نوٹس جاری کرنے کی ہدایت کی ہے۔
ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اطہر من اللہ نے صحافی مدثر محمود نارو اور دیگر 5 افراد کی گمشدگی سے متعلق کیس میں اتوار کو 15 صفحات پر مشتمل حکم جاری کیا تھا اور ان کی درخواستیں حتمی دلائل کے لیے مقرر کی گئی تھیں لیکن وفاقی حکومت نے سماعت ملتوی کرنےکی درخواست کی۔
رانا محمد اکرام بنال وفاق پاکستان کیس میں چیف جسٹس نے کہا کہ ‘ریٹائرڈ جنرل پرویز مشرف اور تمام جانشین چیف ایگزیکٹوز یعنی سابقہ اور موجودہ وزرائے اعظم اپنے متعلقہ حلف نامے جمع کرائیں گے’۔
انہوں نے ہدایت کی کہ حلف ناموں میں بتایا جائے کہ عدالت ان کے خلاف غیر اعلانیہ طور پر جبری گمشدگیوں سے متعلق پالیسی کی منظوری اور اس طرح قانون نافذ کرنے والے اداروں بالخصوص مسلح افواج کی شمولیت کی اجازت دے کر قومی سلامتی کو خطرے میں ڈالنے پر آئین کی مبینہ خلاف ورزی کے الزام میں کارروائی کا حکم کیوں نہیں دے سکتی۔
انہوں نے کہا کہ پرویز مشرف نے اپنی سوانح حیات ‘ان دی لائن آف فائر’ میں واضح اعتراف کیا ہے کہ ’جبری گمشدگیاں‘ ریاست کی غیر اعلانیہ پالیسی تھی۔
انہوں نے مزید کہا کہ مسلح افواج نے ملک کی سلامتی اور سالمیت کے لیے قربانیاں دی ہیں اور دیتے رہیں گے اور ہر شہری کو ان کا احترام کرنا چاہیے ورنہ ملک اور اس کے عوام کی سلامتی اور سالمیت خطرے میں پڑ جائے گی۔
حکم میں مزید کہا گیا کہ ‘تاہم انسانی حقوق اور شہریوں کی آزادی کی خلاف ورزی کے مترادف کارروائیوں میں مسلح افواج کے ملوث ہونے یا اس کا تصور بھی قانون کی حکمرانی کو کمزور اور کمزور کرتا ہے’۔